کولمبو: (دنیا نیوز) ایشین 6 ریڈ سنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کے تینوں کھلاڑی پری کوارٹر فائنلز میں پہنچ گئے۔
چیمپئن شپ کے دوسرے روز بھی پاکستانی کھلاڑیوں کی فتوحات کا سلسلہ جاری رہا، پاکستان کے اویس منیر نے اپنے تینوں میچ جیت کر پری کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
محمد آصف نے تین میں سے دو میچوں میں کامیابی حاصل کرکے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی جبکہ محمد سجاد نے دو میچ جیت کر پری کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔
دفاعی چیمپئن پاکستان کے اویس منیر نے بھارت کے پشپندر سنگھ کو 2-4 سے شکست دی، اویس منیر کی کامیابی کا سکور 51 - 1، 0 - 47، 0 - 66، 10 - 46، 31 - 34 اور 21 - 33 رہا۔
پاکستان کے محمد آصف نے عمان کے عبداللہ رئیسی کو 0-4 شکست دی، پاکستان کے محمد سجاد نے سری لنکا کے محمد مشرف کو 0-4 سے شکست دی۔
پاکستان کے محمد آصف دوسرے میچ میں سری لنکا کے محمد طحہ سے 4-3 سے ہار گئے۔