کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی جس کے باعث بجلی غائب ہوگئی۔
شہر قائد کے مختلف علاقوں گلشن معمار، گلشن حدید، ملیر، سٹیل ٹاؤن، گلستان جوہر میں بادل برس پڑے، سپر ہائی وے، گڈاپ، نارتھ کراچی، سرجانی، عزیز آباد، طارق روڈ، سعدی ٹاون، ملیر کینٹ، یونیورسٹی روڈ پر بھی بارش ہوئی، صفورہ چورنگی، گلشن اقبال، ڈیفنس، کلفٹن، کالا پل اور دیگر علاقوں میں بھی ابر رحمت برس پڑی۔
بارش کے باعث کئی علاقوں میں پانی کھڑا ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
کرنٹ لگنے سے کئی افراد زخمی ہوگئے، بادل برستے ہی کے الیکٹرک کا سسٹم جواب دے گیا، شہر میں 300 سے زائد فیڈرز ٹرپ ہونے سے کئی علاقوں میں بجلی بند ہوگئی، نارتھ ناظم آباد، موسیٰ کالونی، شادمان، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد سے بجلی غائب ہوگئی۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے بارش کے بعد شہر کا دورہ کیا، شہر کے مختلف مقامات کا جائزہ لیا۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے تمام میونسپل سروسز کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کرکے انہیں الرٹ رہنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تمام تر ایمرجنسی میں تعینات ہونے والا عملہ سڑکوں پر نظر آئے۔