این ڈی ایم اے کا بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے حوالے سے الرٹ جاری

Published On 26 June,2025 07:06 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) این ڈی ایم اے نے اگلے 24 تا 48 گھنٹوں کے دوران ملک بھر کے مختلف علاقوں مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق 26 تا 28 جون کے دوران اسلام آباد سمیت فیصل آباد، سرگودھا، میانوالی، ڈی جی خان، راجن پور میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش متوقع ہے۔

پنجاب میں لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان جبکہ سندھ میں کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، سجاول، جامشورو، نوابشاہ، لاڑکانہ کے شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق اگلے 48 گھنٹوں کے دوران سندھ کے اضلاع بشمول سکھر، کشمور، تھرپارکر، میرپورخاص، عمرکوٹ، سانگھڑ، ٹنڈو الہٰ یار، بدین میں موسلادھار بارش متوقع ہے۔

خیبرپختونخوا کے چترال، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، آزاد کشمیر کے مظفرآباد، نیلم ویلی، باغ، راولا کوٹ، حویلی، ہٹیاں بالا میں شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہو سکتی ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق ، بارش اور تیز ہواؤں کے دوران کمزور تعمیرات، کچی دیواروں، بجلی کے کھمبوں اوربل بورڈز سے دور رہیں، آندھی اور طوفان کے دوران حد نگاہ بھی کم ہو سکتی ہے جو حادثات کا باعث بنتی ہے لہٰذا محتاط رہیں۔

این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق عوام سے گزارش ہے کہ موسم اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے آگاہی کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے رہنمائی لیں۔