لاہور:(دنیا نیوز) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان نے 9 اور 10 مئی کو بھارت کو وہ سبق سکھایا جو ہمیشہ یاد رکھے گا۔
لاہور میں داتا دربار کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کی جارحیت کے خلاف سرخرو ہوا، دنیا نے بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کے کردار کو سراہا۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف پاکستان کی کامیابی پر اللہ کے حضور سر بسجود ہیں،اللہ تعالی نے پاکستان کو بھارت کیخلاف فتح عطا فرمائی، پاکستان نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو سبق سکھایا، جنگ میں پاکستان نے بھارت کے 6 لڑاکا طیارے مار گرائے، اللہ نے پاکستان کو دنیا میں عزت و احترام عطا فرمایا، پاکستان کی سول و عسکری قیادت نے ملک کا کامیابی سے دفا ع کیا۔
نائب وزیراعظم نے نواز شریف کی عمران خان سے ملاقات کی خبروں کو افواہیں قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی تمام خبریں افواہیں ہیں یہ کسی کی خواہش تو ہوسکتی ہے حقیقت کا اس سے کوئی تعلق نہیں، نواز شریف کی اڈیالہ جیل ملاقات کیلئے جانے کی بات صرف قیاس آرائی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب بھارت نے حملہ کیا تو ہم نے تمام سیاسی جماعتوں سے رابطہ کیا، ہماری متحد آواز پوری دنیا نے سنی ، ہم سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر چلنے کو تیار ہیں، اگر کسی نے ماضی میں کچھ کیا ہے تو قانون کے مطابق فیصلے ہوں گے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ہمیں اپنی مسلح افواج پر فخر ہے، سلامتی کونسل کی صدارت پاکستان کے پاس ہے، پاکستان نے ایران پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی، ایرانی ہمارے مسلمان بھائی ہیں، ایران نے بھرپور انداز میں پاکستان کا شکریہ ادا کیا، ہم اس خطے میں امن کے خواہمشند ہیں، ہم اس خطے کی ترقی کے خواہاں ہیں۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اب صر ف ترقی کرے گا، مہنگائی نیچے آئی ہے ملک میں خوشحالی آئے گی، عوام کو روزگار کے مواقع ملیں گے، پاکستان 2022 میں سخت مشکلات میں تھا، اگر اس وقت یہ تبدیلی نہ آتی تو ملک ڈیفالٹ ہو جاتا، ہم نے سیاسی طور پر نقصان اٹھایا لیکن ملک کو ہمیشہ آگے رکھا۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف دن رات کوشاں ہیں کہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو ، دعا ہے پاکستان ہمیشہ شاد و آباد رہے آج ملکی معیشت اپنے پاؤں پر کھڑی ہو رہی ہے ، ہمیں اپنی مسلح افواج پر فخر ہے، ہمارے بہادر جوان دہشتگردی کا مقابلہ کررہے ہیں، پاکستانی افواج خوارج کو جہنم واصل کررہی ہیں۔
اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ ایران کو بھی اندازہ ہو گیا کہ ان کا سچا دوست پاکستان ہی ہے، ایرانی پارلیمنٹ میں ’پاکستان تشکر‘ کے نعرے لگے، شہداء کے جنازوں میں پاکستانی پرچم لہرائے گئے۔