رانجن پور: (دنیا نیوز) شدید بارشوں کے بعد کوہ سلیمان کے ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔
راجن پور کے برساتی نالہ میں درمیانے درجہ کا سیلاب آگیا، انتظامیہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ ہوگئی، جنوبی وزیرستان میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، ریلہ ٹانک میں داخل ہوگیا، متعدد گھروں اور دکانوں کو نقصان ہوا۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں مون سون بارشوں سے 111 افراد زندگی کی بازی ہا ر چکے، این ڈی ایم اے نے نقصانات پر رپورٹ جاری کردی، پنجاب میں 40، خیبر پختونخوا میں 37 افراد نے دم توڑا، سندھ میں 17 ، بلوچستان میں 16 ، آزاد کشمیر میں 1 شہری جان سے گیا۔
اموات کی سب سے بڑی وجہ مکانوں کا گرنا قراردیا گیا، مون سون بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 212 افراد زخمی بھی ہوئے،111 کا تعلق پنجاب اور 55 کا خیبر پختونخوا سے ہے، مجموعی طور پر 463 گھروں اور 9 پلوں کو نقصان پہنچا۔
خیبرپختونخوا میں تورغر، چترال اور کوہستان کی سڑکیں متاثر ہوئیں۔