حیدر آباد: (دنیا نیوز) آدھے گھنٹے کی بارش نے حیدر آباد کو ڈبو دیا، ہر طرف پانی ہی پانی ہوگیا۔
شہر میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی، بیشتر علاقے میں پانی جمع ہو گیا، قاسم آباد، سحرش نگر، سومرا گوٹھ و دیگر علاقوں میں پانی بھر گیا، تیز ہواؤں کے باعث بجلی کے ٹاور بھی گر گئے، حیسکو کے 350 فیڈرز بند ہونے سے شہر تاریکی میں ڈوب گیا۔
متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی، شہری شدید اذیت سے دوچار ہوگئے، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے میئر حیدرآباد سے رابطہ کیا، فوری طور پر نکاسی کے اقدامات کی ہدایت کی، محکمہ موسمیات نے حیدرآباد میں کلاؤڈ برسٹ کی تردید کر دی۔
موسلا دھار بارش کے باعث دکان کی چھت کا ایک حصہ گر گیا، ملبے تلے دب کر ایک شخص زندگی کی بازی ہار گیا، 3 افراد زخمی ہو گئے۔