ریحام خان نے اپنی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کر دیا

Published On 15 July,2025 05:28 pm

کراچی: (دنیا نیوز) عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے اپنی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کر دیا۔

کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ریحام خان نے کہا کہ کراچی پریس کلب کو میں نے زبان دی تھی کہ جب بھی کوئی اعلان کرنا ہوا تو میں کراچی پریس کلب سے کروں گی، کراچی پریس کلب نے ہمیشہ سپورٹ کیا۔

اس موقع پر ریحام خان نے پاکستان کی سیاست میں نئے باب کا اضافہ کرتے ہوئے اپنی سیاسی جماعت کا اعلان کر دیا۔

ریحام خان کی پارٹی کا نام  پاکستان ریپبلک پارٹی  ہے، انہوں نے کہا کہ نئی سیاسی جماعت عوام کی آواز بن کر حکمرانوں کا پیچھا کرے گی، پاکستان ریپبلک پارٹی عوامی مسائل کے حل کے لئے بھرپور جدو جہد کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ میں پاکستان سٹار بننے نہیں آئی تھی، اپنے پیاروں کو وقت دینے آئی تھی، پاکستان آئی تو مجھے پاکستان سے پیار ہوگیا، 2012 سے لے کر 2025 تک جو میں نے پاکستان دیکھا ہے اس میں صاف پانی نہیں ہے، ہسپتال تو کیا بلکہ بیسک ہیلتھ یونٹ بھی نہیں ہے۔

ریحام خان کا کہنا تھا کہ میں نے زندگی میں سیاسی جماعتوں کی پوزیشن کی آفر دیکھی ہے، گلہ صحافیوں اور میڈیا سے یہ ہے کہ پرائم ٹائم شو میں صرف حکومت کس کی گرنے جا رہی ہے، کس کی بننے جا رہی ہے یہ دکھایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خبر یہ ہے کہ پاکستانیوں کو جینے نہیں دے رہے، صحافی ایک اسائمنٹ کو چھوڑ کر دوسری اسائمنٹ پر آئے ہیں۔

ریحام خان نے کہا کہ آج ایسی تحریک کے ساتھ قدم اٹھا رہی ہوں جس میں پارلیمنٹ کے چہرے بدل کر دکھاؤں گی، اسمبلیوں میں آج کل 5 خاندان بیٹھے ہوئے ہیں۔