پنجاب اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن کے مذاکرات کامیاب، ریفرنس ختم کرنیکا فیصلہ

Published On 18 July,2025 06:39 pm

لاہور: (دنیا نیوز) حکومت اور اپوزیشن میں بڑا بریک تھرو، پنجاب اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن کے مذاکرات کامیاب ہوئے۔

ذرائع کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے اپوزیشن کے خلاف درخواستوں پر ریفرنس ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

سپیکر پنجاب اسمبلی کی ہدایات پر اسمبلی حکام نے حکومتی درخواستوں کو معطل کرنے کا ڈرافٹ تیار کر لیا، ریفرنس ڈراپ کرنے کا ڈرافٹ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کی منظوری کے بعد جاری کر دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن کے 26 ارکان کے خلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کرنے کے لیے حکومتی ارکان نے سپیکر کو درخواستیں دے رکھی تھیں۔

یاد رہے کہ درخواستیں احمد اقبال ، میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان اور افتخار احمد چھاچھر کی طرف سے دائر کی گئی تھیں۔

ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے معطل ارکان کو بحال کرنے کا معاملہ سپیکر کے بیرون ملک سے واپسی پر کیا جائے گا۔

اپوزیشن نے معطل ارکان کی بحالی تک پنجاب اسمبلی اجلاس میں نہ جانے کا اعلان کر دیا۔