پشاور: ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ ایڈوائزری کمیٹی چیئرمینوں کیلئے لکژری گاڑیاں خریدنے کی تیاری

Published On 02 August,2025 12:03 pm

پشاور: (ذیشان کاکا خیل) خیبرپختونخوا حکومت نے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ ایڈوائزری کمیٹی (DDAC) چیئرمینوں کے لیے نئی لگژری گاڑیوں کی خریداری کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق اس منصوبے کے تحت 26 فور بائے فور گاڑیاں خریدی جائیں گی جس پر مجموعی طور پر 403 ملین روپے خرچ ہوں گے، پہلے مرحلے میں 13 اضلاع کے چیئرمینوں کو گاڑیاں فراہم کی جائیں گی جن میں بونیر، ڈیرہ اسماعیل خان، کرم، مانسہرہ سمیت دیگر اضلاع شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ متعدد چیئرمینوں کے زیر استعمال گاڑیاں اپنا مقررہ وقت اور سروس میعاد مکمل کر چکی ہیں، حکومت کا مؤقف ہے کہ 2014 کے بعد سے کسی بھی چیئرمین کے لیے نئی گاڑیاں نہیں خریدی گئیں اور موجودہ گاڑیاں نہ صرف پرانی ہو چکی ہیں بلکہ کئی مقامات پر ناکارہ بھی قرار دی جا چکی ہیں۔

ذرائع نے مزید کہا ہے کہ اس خریداری پر بعض حلقوں کی جانب سے سوالات بھی اٹھائے جا رہے ہیں، خاص طور پر ایسے وقت میں جب صوبہ مالی مشکلات اور بنیادی سہولیات کے بحران سے گزر رہا ہے، گاڑیوں کی خریداری کی منظوری مراحل میں ہے اور جلد ٹینڈر جاری کیے جانے کا امکان ہے۔