کوئٹہ:(دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ نوجوان مشاہدے، تحقیق اور تجزیے کے ذریعے درست بیانیہ اپنائیں۔
کوئٹہ میں 16 ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کی اختتامی تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے میر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ ریاست سے بے لوث محبت اور پاکستانیت کا فروغ قومی یکجہتی کا ضامن ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا حقیقی تصور اجاگر کرنا ملکی ترقی کے لیے ناگزیر ہے، تاثر اور حقیقت کے فرق کو سمجھنا باشعور نوجوانوں کی بنیادی ذمہ داری ہے نوجوان مشاہدے، تحقیق اور تجزیے کے ذریعے درست بیانیہ اپنائیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ ریاستی اداروں سے ہم آہنگی اور آئین و قانون کی پاسداری لازم ہے، ہر نوجوان کو اپنی صلاحیتیں وطن کی خدمت کے لیے وقف کرنی چاہئیں، نیشنل ورکشاپ صرف اختتام نہیں، فکری تحقیق کے سفر کا آغاز ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آج کی ورکشاپ میں حاصل کردہ اسباق اور تجربات کو زندگی کا حصہ بنائیں، نیشنل ورکشاپ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔
آخر میں وزیر اعلیٰ بلو چستان میر سرفراز بگٹی نے کامیاب ورکشاپ کی تکمیل پر شرکاء میں اسناد بھی تقسیم کیں۔