لاہور: (دنیا نیوز) جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، ہر طرف قومی پرچموں کی بہار آگئی۔
لاہور، کراچی، پشاور اور اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں سبز ہلالی پرچم، بیجز، ٹوپیوں اور جھنڈیوں کے سٹالز سج گئے، بچے اور بڑے سبھی جوش و خروش سے خریداری میں مصروف رہے۔
ہر کوئی یوم آزادی شایانِ شان طریقے سے منانے کیلئے گھروں، دفاتر اور گاڑیوں کو قومی پرچموں اور برقی قمقموں سے سجانے لگا۔
چھوٹے بچوں کیلئے جشن آزادی کی مناسبت سے لباس اور نوجوانوں کیلئے شرٹس بھی ان سٹالز سے خریدی جا رہی ہیں، ہر طرف سبز ہلالی پرچموں کی بہار آ چکی ہے، دکانوں، گھروں اور گاڑیوں پر قومی پرچم لہرا رہے ہیں جبکہ نوجوانوں نے اپنی اپنی موٹر سائیکلوں اور کاروں کو بھی قومی پرچم سے سجایا ہوا ہے۔
ہر شخص جشن آزادی کو لے کر انتہائی پرجوش دکھائی دیتاہے اور چودہ اگست آزادی کی خوشیاں منانے کی تیاریاں مکمل کی جا رہی ہیں، مہنگائی کے باوجود شہریوں میں جشن آزادی منانے کے حوالے سے جوش و خروش میں کوئی کمی نظر نہیں آتی۔