مسلح افراد نے اسسٹنٹ کمشنر زیارت افضل باقی کو بیٹے سمیت اغوا کر کے گاڑی جلا دی

Published On 10 August,2025 09:45 pm

کوئٹہ:(دنیا نیوز) بلوچستان کے ضلع زیارت کے سیاحتی مقام زرزری سے نامعلوم مسلح افراد نے اسسٹنٹ کمشنر زیارت محمد افضل باقی کو ان کے بیٹے سمیت اغوا کر لیا۔

ڈپٹی کمشنر زیارت ذکا اللہ درانی کے مطابق افضل باقی اپنے اہل خانہ کے ہمراہ تفریح کے لیے زرزری گئے تھے جب یہ واقعہ پیش آیا۔

ذکا اللہ درانی نے بتایا کہ مسلح افراد نے افضل باقی کے اہل خانہ کو بحفاظت چھوڑ دیا جبکہ ان کے گن مین اور ڈرائیور کو بھی کچھ فاصلے پر رہا کر دیا گیا۔

تاہم، اغوا کاروں نے اسسٹنٹ کمشنر کی سرکاری گاڑی کو نذرِ آتش کر دیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز اور لیویز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق افضل باقی اور ان کے بیٹے کی بازیابی کے لیے تفتیش مختلف پہلوؤں سے جاری ہے۔