آذربائیجان کے سفیر کی وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی سے ملاقات، ثقافتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

Published On 12 August,2025 07:59 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) آذربائیجان کے سفیر کی وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی سے ملاقات، دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات کے دوران 2024-2029 ثقافتی تبادلہ پروگرام پر مکمل عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا گیا، ستمبر میں آذربائیجان میں بین الاقوامی میوزک فیسٹیول کا انعقاد کیا جائے گا، پاکستانی فنکار آذربائیجان میوزک فیسٹیول میں شرکت کریں گے۔

اس موقع پر ریڈیو پر آذربائیجانی موسیقی نشر کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا،  آذربائیجانی کلچرل ہیریٹیج اِن دی ورلڈ  منصوبے میں پاکستان سے تعاون کی درخواست کی گئی۔

ملاقات کے دوران آذری کلچرل فیسٹیول اسلام آباد میں منعقد کرنے کی تجویز پیش کی گئی، پاکستان و آذربائیجان کے مشترکہ اور روایتی ڈریس  شیروانی  کو دنیا بھر میں متعارف کرانے پر اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر پاکستانی بدھ مت کاریگر آذربائیجان بھیجنے کی تجویز پیش کی گئی، موجودہ ثقافتی معاہدوں کی تجدید اور عوامی روابط بڑھانے پر زور دیا گیا۔