غزہ پر قبضے کا منصوبہ دو ریاستی حل پر حملے کے مترادف ہے: عاصم افتخار

Published On 12 August,2025 09:41 pm

نیویارک:(دنیا نیوز)اقوام متحدہ میں پاکستانی مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ غزہ پر قبضے کا منصوبہ دو ریاستی حل پر حملے کے مترادف ہے۔

اقوام متحدہ میں سلامتی کونسل کے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر اجلاس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ اسرائیل غزہ میں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیاں کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اسرائیلی اقدامات کی سختی سے مخالفت کرتا آرہا ہے، غزہ پر قبضے کا منصوبہ دو ریاستی حل پر حملے کے مترادف ہے، فلسطینیوں کے مستقبل کا فیصلہ فلسطینیوں نے ہی کرنا ہے، کوئی فلسطینیوں کے مستقبل اور گورننس سے متعلق فیصلے نہیں کرسکتا۔

اقوام متحدہ میں پاکستانی مستقل مندوب کا مزید کہنا تھا کہ غزہ کو باقی مقبوضہ فلسطینی علاقے سے الگ کرنے کی کسی بھی کوشش کا مطلب دو ریاستی تصور کی بنیاد پر براہِ راست حملہ ہے۔