پاکستان کا سلامتی کونسل سے مسئلہ کشمیر پر موثر اقدام کا مطالبہ

Published On 30 July,2025 11:32 am

نیویارک: (دنیا نیوز) پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مسئلہ کشمیر پرموثر اقدام کا مطالبہ کر دیا۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا کہ یواین امن مشنز کی بنیاد سیاسی حل پر ہونی چاہیے، مسئلہ جموں و کشمیر اقوام متحدہ کی ساکھ کا امتحان ہے، مسئلہ جموں و کشمیر کونسل کے ایجنڈے پرطویل عرصے سے موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور دیرپا حل نکالنے کے لئے سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے قدیم مشنز میں سے ایک کی میزبانی کر رہا ہے، پاکستان اب تک 4 براعظموں میں 2 لاکھ 35 ہزار سے زائد فوجی بھیج چکا ہے، جن میں سے 182 پاکستانی اہلکاروں نے امن کیلئے جانوں کا نذرانہ دیا۔

عاصم افتخار احمد نے کہا کہ امن مشنز کی کامیابی کیلئے سلامتی کونسل کا متحد اور پائیدار سیاسی تعاون ناگزیر ہے، یو این خصوصی نمائندگان برائے سیکرٹری جنرل کو مکمل اختیارات دیئے جانے چاہئیں، امن مشنز کے انخلا کا فیصلہ زمینی حالات کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کا مزید کہنا تھا کہ امن مشنز کے مینڈیٹ کی تیاری اور جائزے میں حصہ لینے والے ممالک کو شامل کیا جانا چاہیے، پاکستان مضبوط اور سیاسی بنیادوں پر مبنی یو این امن مشن نظام کی حمایت جاری رکھے گا۔