پاکستان اور امریکا میں انسداد دہشتگردی سے متعلق مذاکرات ہو رہے ہیں: ٹیمی بروس

Published On 13 August,2025 09:33 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹیمی بروس نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان انسداد دہشتگردی سے متعلق مذاکرات ہو رہے ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے پریس بریفنگ میں کہا ہے کہ امریکا اور پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف مشترکہ وابستگی کی تصدیق کی ہے، دونوں ممالک دہشتگردی کیخلاف تعاون بڑھانے کے طریقوں پر غور کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان بھارت سمیت دیگر ملکوں میں امن قائم کیا، پاک بھارت ایک ایسا تنازع تھا جو انتہائی خوفناک صورتحال میں بدل سکتا تھا، امریکا کی اعلیٰ قیادت نے ایک ممکنہ تباہی روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔

ٹیمی بروس نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے ساتھ تنازع کے دوران ہمارا تجربہ رہا ہے، یہ جنگ خوفناک شکل اختیار کرسکتی تھی، جو کچھ ہو رہا تھا اس کی نوعیت کو حل کرنے میں نائب صدر، صدر اور وزیر خارجہ حرکت میں آئے۔

انہوں نے کہا کہ فریقین کو قریب لاکر کچھ پائیدار تخلیق کیا، یہ قابل فخر لمحہ ہے کہ سیکرٹری روبیو، نائب صدر وینس اور سرکردہ رہنما ممکنہ تباہی کو روکنے میں شامل تھے، دونوں ممالک کے ساتھ ہمارے تعلقات برقرار اور اچھے ہیں، ہمارے سفارتکار دونوں ممالک کے لیے پرعزم ہیں۔

ٹیمی بروس نے مزید کہا ہے کہ خطے اور دنیا کے لیے امریکا کا ان دونوں ممالک کے ساتھ کام کرنا اچھی خبر ہے، یہ ایک ایسے مستقبل کو فروغ دے گا جو فائدہ مند ہو۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے مزید کہا ہے کہ صدر ٹرمپ پوری دنیا میں تنازعات کا خاتمہ اور امن چاہتے ہیں، وزیر خارجہ مارکو روبیو اور روسی وزیر خارجہ کے درمیان رابطہ ہوا ہے جس میں پیوٹن اور صدر ٹرمپ کے درمیان ملاقات کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔