ماحولیاتی تبدیلی ایک فوری حقیقت، سب سے زیادہ پاکستان متاثر ہے: چیئرمین سینیٹ

Published On 19 August,2025 02:52 am

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی سب سے بڑا چیلنج ہے تو جنوبی تعاون مؤثر ہتھیار ہے۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اسلام آباد میں منعقدہ ’’ایتھوپیا، پاکستان گرین ڈائیلاگ، ایتھوپیا کے تجربات سے استفادہ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کیا۔

یوسف رضا گیلانی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی ایک فوری حقیقت ہے اگرچہ پاکستان کا عالمی اخراج میں حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے، ماحولیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے جو سیلاب، برفانی تودوں کے پگھلنے اور خشک سالی جیسے مسائل کا سامنا کر رہا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے ایتھوپیا کے گرین لیگیسی انیشی ایٹو کو جنگلات کی بحالی اور پائیداری کا عالمی ماڈل قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو یکساں چیلنجز کا سامنا ہے اور جنوبی تعاون کے ذریعے حل تلاش کئے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے پاکستان کے مؤثر عالمی ماحولیاتی کردار کو اجاگر کیا جس میں COP27 پر ’’لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ‘‘ کی وکالت اور COP29 میں ماحولیاتی فنانس کو آگے بڑھانا شامل ہے۔