سیاحت کا فروغ پاکستان کا دنیا میں مثبت تصور اجاگر کرنے میں مددگار ثابت ہو رہا: گورنر پنجاب

Published On 20 August,2025 12:44 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ سیاحت کا فروغ پاکستان کا دنیا بھر میں مثبت تصور اجاگر کرنے میں مددگار ثابت ہو رہا ہے۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اللہ نے قدرتی حسن سے نوازا ہے، ملک بھر میں جنت نظیر مقامات ہیں جو دنیا بھر کے سیاحوں کے لئے توجہ کا مرکز ہیں، فوڈ اور ٹورازم کا آپس میں گہرا تعلق ہے۔

سردار سلیم حیدر کا کہنا تھا کہ معیاری فوڈ سیاحت کے فروغ کے لئے کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، بحثیت قوم ہی ہم کامیاب ہو سکتے ہیں، بھارت کو ہم سب نے مل کر شکست دی۔

گورنر پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی مہمان نوازی کے حوالے سے دنیا بھر میں شہرت رکھتے ہیں، پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لئے حکومتی اقدامات قابل ستائش ہیں، بزنس کمیونٹی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو ملکی ترقی میں تعمیری کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سستی بجلی کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ کاروباری طبقے کو ریلیف ملے، صرف کام کرنے کی نیت اور مثبت سوچ کو پروان چڑھانے کی ضرورت ہے۔