پاکستان بار کونسل نے انسداد دہشتگردی ایکٹ میں ترامیم یکسر مسترد کر دیں

Published On 20 August,2025 06:58 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان بار کونسل نے انسداد دہشت گردی ایکٹ میں ترامیم کو یکسر مسترد کر دیا۔

پاکستان بار کونسل کا اسلام آباد میں اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں بارکونسل نے متعدد قراردادیں منظور کیں، اجلاس میں انسداد دہشت گردی ایکٹ میں ترامیم کو یکسر مسترد کر دیا گیا۔

اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق لیگل پریکٹیشنرز اینڈ بار کونسلز ایکٹ میں مجوزہ ترمیم کو متفقہ طور پر مسترد کیا گیا، تین ماہ تک مشتبہ افراد کو حراست میں رکھنے کے اختیار کو آئینی حقوق کے منافی قرار دیا گیا۔

پاکستان بار کونسل نے حکومت سے فوری طور پر ترامیم واپس لینے کا مطالبہ کیا، پنجاب میں وکلاء کے خلاف جھوٹی ایف آئی آرز درج کرنے کی شدید مذمت کی گئی۔

اعلامیہ کے مطابق آئی جی پنجاب سے غیر قانونی اور بے بنیاد ایف آئی آرز واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا، جھوٹی ایف آئی آرز واپس نہ ہوئیں تو ہر سطح پر مزاحمت کی جائے گی۔

بار کونسل نے حالیہ بارشوں اور سیلاب سے قیمتی جانوں اور املاک کے نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور وفاقی و صوبائی حکومتوں سے متاثرہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

اعلامیہ کے مطابق کوئٹہ میں جسٹس (ر) ظہور احمد شاہوانی ایڈووکیٹ کے گھر پر غیر قانونی چھاپے کی شدید مذمت کی گئی، سی ٹی ڈی اہلکاروں نے سرچ وارنٹ کے بغیر گھر کی حرمت پامال کی۔