ملک بھر میں آج سے 30 اگست تک شدید بارشوں کی پیشگوئی، الرٹ جاری

Published On 23 August,2025 01:21 am

لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں آج سے 30 اگست تک شدید بارشوں کی پیشگوئی کر دی گئی۔

این ڈی ایم اے نے بارشوں اور سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کر دیا، پنجاب، خیبرپختونخوا، جی بی، آزاد کشمیر میں طوفانی بارشیں متوقع ہیں، نشیبی علاقوں میں سیلاب اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گا۔

لاہور، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے، پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی متوقع ہے، آج مغربی ہوائیں بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی، تربیلا ڈیم 1550 فٹ کی انتہائی سطح تک بھر چکا، تربیلا ڈیم کے سپیل ویز کھول دیئے گئے۔

ڈاؤن اسٹریم میں پانی کا بہاؤ 2لاکھ 50ہزار کیوسک تک پہنچنے کا امکان ہے، دریائے سندھ میں گڈو بیراج کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہوگئی، درمیانے درجے کی سیلابی صورت حال برقرار ہے، دریائے ستلج میں پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہورہا۔

ہیڈ گنڈا سنگھ کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہوکر 20 فٹ ہوگئی، متعدد مقامات پر زمیندارہ بند ٹوٹنے سے فصلیں زیر آب آگئیں، کسانوں کا کروڑوں روپے کا نقصان ہوگیا، ڈی آئی خان میں دریائے سندھ عبور کرتے ہوئے باپ بیٹا ڈوب گئے، مقامی افراد نے دونوں لاشیں نکال لیں۔