لاہور: (دنیا نیوز) بانی تحریک انصاف عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے دوسرے بیٹے شیر شاہ کو جناح ہاؤس حملہ کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت پیش کیا گیا جہاں ملزم کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کیس کی سماعت کی، پراسیکیوشن نے بتایا کہ ملزم شیر شاہ جائے وقوعہ پر موجود تھا، موقع پر اسلحہ استعمال کیا گیا، ویڈیو میں بھی ملزم کی موجودگی پائی گئی، ملزم کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ریکور کرنے ہیں، ملزم کو تیس روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا جائے۔
ملزم کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم کو ستائیس ماہ بعد گرفتار کیا گیا، گرفتاری غیر قانونی ہے، ملزم کل اپنے بھائی کے ساتھ اسی عدالت میں پیش ہوا، کل گرفتار کر لیا گیا۔
ملزم کے وکیل نے کہا کہ اسی عدالت نے تاخیر سے گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیا، عدالت پولیس کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر کے ملزم کو ڈسچارج کرے۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد تیس روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
بعدازاں عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے شیر شاہ کے پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ کی منظوری دے دی۔