کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں ڈمپر کی ٹکر سے اڑھائی سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔
حادثہ ملیر ملت ٹاؤن موڑ پر پیش آیا، عون محمد اپنے ماموں سلمان کے ہمراہ موٹرسائیکل پر دادی کے گھر جا رہا تھا، رانگ وے سے آنے والے ڈمپر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، عون موقع پر دم توڑ گیا جبکہ اس کا ماموں سلمان شدید زخمی ہوگیا۔
اطلاع پر امدادی ٹیمیں اور پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی، جاں بحق ہونے والے عون اور اس کے زخمی ماموں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، زخمی ہونے والے بچے کے ماموں سلمان نے بتایا کہ عون محمد اپنے ماں باپ کی اکلوتی اولاد اور باغ رفیع کا رہائشی تھا، لواحقین نے اعلیٰ حکام سے انصاف کا مطالبہ کر دیا۔
پولیس حکام کے مطابق ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا جبکہ کنڈیکٹر کو حراست میں لے لیا گیا، واقعہ کے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی۔