بھارتی آبی جارحیت سے کرتارپور کا علاقہ زیر آب، گرودوارہ دربار صاحب متاثر

Published On 27 August,2025 11:56 am

نارروال: (دنیا نیوز) بھارت کی جانب سے دریاؤں میں پانی چھوڑے جانے کے نتیجے میں پاکستان کے مختلف علاقے شدید سیلاب کی لپیٹ میں ہیں، سیلابی پانی کے باعث کرتارپور کا پورا علاقہ زیر آب آگیا۔

دریائے راوی میں شدید سیلابی صورتحال کے باعث پاکستان اور انڈیا کی سرحد پر واقع تاریخی اہمیت کے حامل گرودوارہ کرتارپور صاحب میں سیلابی پانی داخل ہوگیا۔

کرتار پور پراجیکٹ کے ڈپٹی سیکرٹری کا کہنا ہے کہ گوردوارہ کرتارپور میں سیلابی پانی داخل ہونے کی وجہ سے 200 سے 300 لوگ پھنسے ہوئے ہیں۔

مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کئے گئے تو نہ صرف گوردوارہ بلکہ پورا علاقہ شدید متاثر ہو سکتا ہے۔

سکھ برادری نے حکومت پاکستان اور عالمی اداروں سے اپیل کی ہے کہ کرتارپور راہداری اور گوردوارہ دربار صاحب کو مزید نقصان سے بچانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔

یاد رہے کہ پاکستان میں حالیہ دنوں سیلابی صورتِ حال نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، کئی اضلاع میں کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں، ہزاروں افراد بے گھر ہوئے اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے، محکمہ موسمیات اور ندی نالوں کے حفاظتی اداروں نے مزید بارشوں اور اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔