خیبرپختونخوا: سیلاب متاثرین کو تاحال حکومتی امداد نہ مل سکی، سینکڑوں خاندان پریشان

Published On 27 August,2025 11:05 am

پشاور: (ذیشان کاکاخیل) خیبرپختونخوا میں سیلاب سے متاثرہ خاندان اب بھی حکومتی امدادی پیکیج کے منتظر ہیں، امداد میں تاخیر کے باعث متاثرین شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔

دستاویزات کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع میں سیلاب کے نتیجے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے 286 افراد کو ابھی تک مکمل امداد فراہم نہیں کی گئی، 74 جاں بحق افراد کے لواحقین کو اعلان کردہ 20،20 لاکھ روپے میں سے کسی کو ادائیگی نہیں ہوئی جبکہ 247 زخمیوں میں سے صرف 35 افراد کو ہی امداد دی گئی ہے، 212 زخمی اب بھی انتظار میں ہیں۔

اسی طرح گھروں کے نقصانات کے معاوضے میں بھی سست روی برقرار ہے، مکمل تباہ ہونے والے 598 گھروں میں سے صرف 36 مالکان کو معاوضہ ملا جبکہ 562 اب بھی محروم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں سیلاب سے تعلیمی نظام متاثر، 648 سکولوں کو نقصان

ذرائع کے مطابق جزوی طور پر متاثرہ 2 ہزار 971 گھروں میں سے صرف 7 کو معاوضہ دیا گیا، باقی 2 ہزار 964 افراد تاحال حکومتی امداد کے منتظر ہیں۔

دوسری جانب پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل اسفندیار خٹک کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو 20 لاکھ اور زخمیوں کو 5 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا گیا ہے، بیشتر متاثرین کو امداد دی جا چکی ہے جبکہ باقی کو جلد از جلد رقم فراہم کر دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی واضح ہدایات ہیں کہ متاثرین کو امداد کی فراہمی میں مزید تاخیر نہ ہو لیکن چند تکنیکی وجوہات کے باعث کچھ کیسز زیر التواء ہیں۔