پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں اور سیلاب نے تعلیمی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
صوبائی وزیر تعلیم فیصل ترکئی کے مطابق خیبرپختونخوا میں سیلاب کے باعث 21 اضلاع میں 648 سکولوں کو جزوی نقصان پہنچا ہے جبکہ 34 سکول مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ قدرتی آفت کے نتیجے میں 6 اساتذہ، جن میں 4 مرد اور 2 خواتین شامل ہیں، جان کی بازی ہار گئے، جبکہ 11 طلبہ جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے ہیں۔
صوبائی وزیر تعلیم نے واضح کیا کہ یکم ستمبر سے قبل سیلاب سے متاثرہ سکولوں کو فعال بنایا جائے گا، طلبہ کی تعلیمی سرگرمیاں متاثر نہیں ہونے دینگے، مکمل اور جزوی طور پر تباہ ہونے والے سکولوں کی تعمیر و مرمت پر اربوں روپے خرچ ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
فیصل ترکئی نے مزید کہا کہ سکولوں کی تعمیر و مرمت پر 6 سے 8 ماہ کا وقت لگے گا۔