ملک بھر میں سیلابی صورتحال،گورنر سندھ کا اے پی سی بلانے کا مطالبہ

Published On 29 August,2025 01:19 am

کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ملک بھر میں سیلابی صورتحال کے باعث اے پی سی بلانے کا مطالبہ کر دیا۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ ملک کی مجموعی صورتحال پر آل پارٹیز کانفرنس بلانی چاہئے، سب کو سر جوڑ کر بیٹھنا چاہئے، وزیراعظم تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو بلائیں۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ سیاست سے بالاتر ہو کر مسائل کا حل نکالنا ہوگا، آبی ذخائر میں اضافہ کرنا ہوگا، بڑے ڈیمز بنانے سے متعلق فیصلہ کرنا ہوگا، پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہے، اگلے سال مزید بارشوں کی توقع کی جا رہی ہے، مشکل کی گھڑی میں سیلاب متاثرین کے ساتھ ہیں۔

گورنر سندھ کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کے تاجر، شہری پنجاب کے متاثرین کی مدد کیلئے آگے آئیں، پنجاب کے متاثرین کیلئے امدادی سامان کے دو ٹرک روانہ کریں گے۔