وزیراعظم کی شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے دوران عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں

Published On 01 September,2025 09:48 am

تیانجن: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس کے دوران عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کی ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم سے غیر رسمی ملاقات کی، ساتھ ہی وزیراعظم کی صدر بیلاروس الیکزانڈر لوکاشینکو اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے بھی ملاقات ہوئی۔

ایس سی او اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی ترک صدر رجب طیب اردوان اور تاجکستان کے صدر سے بھی غیر رسمی ملاقات ہوئی، شہباز شریف نے ترکمانستان اور کرغستان اور مالدیپ کے صدور سے بھی اہم ملاقاتیں کیں، شہباز شریف کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے بھی غیر رسمی ملاقات ہوئی۔

وزیراعظم شہباز شریف سے عالمی رہنماؤں کی غیر معمولی گرمجوشی دیکھنے میں آئی، ملاقاتوں کے دوراں باہمی دلچسپی کے امور سمیت مختلف شعبوں میں تعاون میں اضافے کو سراہا گیا، جبکہ علاقائی اور بین الاقوامی امور میں پیشرفت پر تبادلہ خیال بھی ہوا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف 25 ویں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سربراہی اجلاس میں شرکت کے سلسلے میں 6 روزہ دورے پر چین میں موجود ہیں۔

اپنے دورہِ چین کے دوران وزیراعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی، اس کے علاوہ وزیر اعظم بیجنگ میں دوسری جنگ عظیم کی فتح کی 80 ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

شہباز شریف کی چین کے صدر شی جن پنگ سے بھی ملاقات کریں گے جبکہ وزیراعظم کی چینی تاجروں اور کارپوریٹ ایگزیکٹوز سے ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، معاشی اور سرمایہ کاری کے تعاون پر بات چیت کی جائے گی۔

شہباز شریف بیجنگ میں پاک-چین ’بی ٹو بی‘ انویسٹمنٹ کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔