لاہور: (دنیا نیوز) پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹے سے گجرات میں ناگہانی صورتحال کا سامنا ہے، تمام اداروں کی مشینری اس وقت گجرات میں پانی کی نکاسی کے لیے کام کر رہی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق گجرات میں ریلوے روڈ، شاہ جہانگیر اور دیگر روڈ پوری طرح کلیئر ہونے کے بعد ٹریفک کے لیے کھول دیے گئے ہیں جبکہ جناح چوک، کچہری روڈ پر ابھی پانی موجود ہے جسے اگلے 22 گھنٹے میں مکمل کلیئر کر دیا جائے گا۔
عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ راوی، ستلج اور چناب میں صورتحال بہتر ہوئی ہے، ستلج میں اب پانی کا بہاؤ بڑھنے کا ٹرینڈ نہیں ہے اور گنڈا سنگھ پر صورتحال برقرار ہے، دوسرا سیلابی ریلا ہیڈ مرالہ سے ہوتا ہوا اب تریموں پر اپنی انتہا پر پہنچ چکا ہے جہاں سے اس وقت 5 لاکھ 83 ہزار کیوسک پانی کا ریلا گزر رہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اگلے بارہ سے 18 گھنٹوں میں یہ ریلا 6 لاکھ کیوسک سے تجاوز کر جائے گا، ملتان میں کم از کم اگلے 72 گھنٹے یہی صورتحال برقرار رہے گی، پیچھے سے آنے والا پانی مسائل پیدا کرے گا، ہیڈ پنجند کے مقام پر پانی کا لیول مسلسل بڑھ رہا ہے جو 6 لاکھ کیوسک کو کراس کر جائے گا۔
پی ڈی ایم اے کے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں اس وقت تک 41 لاکھ 51 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ 20 لاکھ 20 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ اب تک صوبے بھر میں سیلابی صورتحال کے باعث 56 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔