اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں سیلاب اور بارشوں سے ہونے والے نقصانات کے اعداد و شمار جاری کر دیئے۔
این ڈی ایم اے کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق رواں سال ملک بھر میں سیلاب اور بارشوں کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 907 تک پہنچ گئی، ان واقعات میں 1,044 افراد زخمی ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں لاکھوں افراد متاثر ہوئے جہاں 223 افراد جاں بحق اور 654 زخمی ہوئے۔
خیبرپختونخوا میں 502 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 218 زخمی ہوئے، سندھ میں 58 افراد جاں بحق اور 78 زخمی ہوئے جبکہ بلوچستان میں 26 افراد جاں بحق اور 5 زخمی رپورٹ ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق گلگت بلتستان میں بارشوں، فلش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 41 افراد جان سے گئے اور 52 زخمی ہوئے، آزاد کشمیر میں 38 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ اسلام آباد میں 9 افراد کی اموات ہوئیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں اور سیلاب سے 6 ہزار 180 مویشی ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 7 ہزار 848 مکانات کو جزوی یا مکمل نقصان پہنچا ہے۔
مزید برآں این ڈی ایم اے نے جنوبی پنجاب کے کئی علاقوں میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور شدید بارش کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
الرٹ کے مطابق بہاولپور، بہاولنگر، احمدپور، لیاقت پور، ظاہر پیر، راجن پور، خان پور، مظفر گڑھ، ڈی جی خان، رحیم یار خان اور صادق آباد میں شدید بارش متوقع ہے۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ان علاقوں میں آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے بارش اور طوفانی ہوائیں چلنے کا امکان ہے جبکہ پہاڑی ندی نالوں کے بپھرنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بھی موجود ہیں۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ احتیاط برتیں، خاص طور پر نشیبی علاقوں کے رہائشی حفاظتی اقدامات کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور درختوں کے نیچے کھڑے ہونے سے بچیں۔