لاہور: (دنیا نیوز) حبیب آباد اور رینالہ خورد کے مابین آج صبح ہونے والے ٹرین حادثے کی ابتدائی رپورٹ مرتب کر کے ریلوے ہیڈکوارٹرز ارسال کر دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: رینالہ خورد: مال بردار ٹرینوں میں تصادم، ایک شخص جاں بحق، 2 زخمی
ابتدائی رپورٹ میں رینالہ خورد ریلوے سٹیشن ماسٹر، مال گاڑی گارڈ، ٹرین ڈرائیور حادثے کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔
جوائنٹ سرٹیفکیٹ کے مطابق مال گاڑی کا گارڈ بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور بروقت اطلاع دینے میں ناکام رہا، مال گاڑی ڈرائیو کاشن کو سمجھنے میں ناکام رہا جس کے باعث دونوں مال گاڑیوں کا تصادم ہوا۔
رپورٹ کے مطابق حبیب آباد کے قریب ڈاؤن ٹریک پر آج صبح بوگیوں کے بفر کپلر ٹوٹنے کے باعث مال گاڑی دو حصوں میں تقسیم ہو گئی، حادثے سے مال گاڑی کی چار ٹرالیاں ڈی ریل ہوئیں جس سے دونوں ٹریک بلاک ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں: رینالہ خورد: مال بردار ٹرینوں میں تصادم، ایک شخص جاں بحق، 2 زخمی
حادثے کے بعد دوسری مال گاڑی حبیب آباد ریلوے سٹیشن کے قریب پہنچی، حبیب آباد ریلوے سٹیشن ماسٹر نے رینالہ خورد سٹیشن ماسٹر سے لائن کلیئر مانگی، رینالہ خورد سٹیشن ماسٹر نے پہلی مال گاڑی کے پہنچنے سے پہلے ہی لائن کلیئر قرار دے دی۔
رپورٹ کے مطابق حبیب آباد ریلوے سٹیشن ماسٹر نے بعدازاں دوسری مال گاڑی پیپر لائن کلیئر اور کاشن جاری کیا، ذرائع کے مطابق ٹرین ڈرائیور نے کاشن پر دھیان دیئے بغیر ٹرین اوور سپیڈ سے رواں دواں رکھی۔
اس غفلت و لاپرواہی کے نتیجے میں مال گاڑی پہلے سے حادثے کا شکار مال گاڑی سے ٹکرائی، حادثے میں اسسٹنٹ ٹرین ڈرائیور محمد امتیاز موقع پر ہی انتقال کرگیا۔