لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا قمر الزمان کائرہ کی پریس کانفرنس پر ردعمل آگیا۔
صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آپ لوگوں نے پنجاب حکومت کے خلاف پریس کانفرنس کی ریس لگائی ہے، ابھی بھی آپ کہتے ہم پنجاب کے سیلاب متاثرین پر سیاست نہیں کر رہے؟۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کاش آپ پنجاب میں رہ کر پنجاب کی بیٹی پر تنقید کرنے سے پہلے اپنا ماضی دیکھ لیتے، جس جماعت کی لیڈر ایک خاتون تھی،وہ پوری جماعت ایک خاتون لیڈر کیخلاف پریس کانفرنسز کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری مقبولیت اور فکر سے زیادہ آپ اپنی اور اپنی جماعت کی مقبولیت کو مدنظر رکھیں، اس طرح کی بیان بازی سے کوئی فرق نہیں پڑے گا نہ ہی ایسے پیپلز پارٹی اپنے پیروں پر کھڑی ہوسکتی۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ آپ لوگ اختلاف نہیں کر رہے بلکہ باجماعت پنجاب کی طرف انگلی اٹھا رہے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب، ان کی کابینہ اور پنجاب کے تمام ادارے پہلے دن سے سیلاب متاثرین کے درمیان ہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آپ جیسے میچور اور پنجاب میں رہنے والے سیاستدان سے پنجاب کے سیلاب متاثرین پر سیاست کرنے پر افسوس ہے، جب آپ ذاتی حملے کریں گے تو آپ کو جواب بھی اسی نوعیت کے ملیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آپ سندھ میں شوق سے بی آئی ایس پی کا استعمال کریں، آپ کو کس نے روکا ہے؟ آپ سندھ کے سیلاب متاثرین کو 10 ، 10ہزار دیں، مریم نواز 10، 10لاکھ دے رہی ہے جو متاثرین کی ضرورت ہے۔
عظمیٰ بخاری کا کہان تھا کہ پنجاب کا خزانہ اور پنجاب کے وسائل پنجاب کے عوام کی ملکیت ہیں، پنجاب کے وسائل کو عوام پر خرچ کرنے کیلئے ہمیں کسی کے مشوروں کی ضرورت نہیں ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اپنے فنڈز سے 20 ہزار کلو میٹر کی سڑکیں بنا لی ہیں، مریم نواز کے 90 سے زائد انیشیٹو پنجاب کے فنڈز سے بن رہے ہیں، اس میں وفاق کا ایک پیسہ نہیں خرچ ہوا، اس پر آپ کو بطور پنجابی خوشی ہونی چاہئے نہ کہ افسوس۔