لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان مختلف مذاہب اور مسالک کے ماننے والوں کا ملک ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مختلف مذاہب کے افراد بستے ہیں، ہمارا پیغام امن، محبت، رواداری اور بھائی چارہ ہے، مذہبی ہم آہنگی کا فروغ ہماری ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ بشپ آزاد پاسٹر بھی ہمارے ساتھ موجود ہیں بشپ صاحب امریکہ سے تشریف لائے ہیں، آج ہم امن اور رواداری کی بات کر رہے ہیں، ہمارے انبیاء کرامؑ کا پیغام بھی امن کا پیغام تھا۔
حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ فلسطین میں مسلمان اور مسیح نشانہ بن رہے ہیں، مسیح برادری کا پاکستان میں بہت اہم کردار رہا ہے۔
بشپ آزاد مارشل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ آج میں یہاں آیا ہوں، پاکستانی میں مسیحی قوم پاکستان بننے سے پہلے سے یہاں موجود ہے، ہمارے مسیحی نوجوان پاک فوج میں بھی موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو دہشت گردی کرتے ہیں وہ مسلمان نہیں ہوسکتے، جو دنیا میں بمباری کرتے ہیں وہ مسیح نہیں ہوسکتے، امن کا پیغام ہم مل کر پھیلا سکتے ہیں۔
اس موقع پر کو آرڈی نیٹر آف پیغام امن کمیٹی کے ممبر آرتھ بشپ فولی بیچ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں امن کی بات کرنی چاہئے، ہم کو سب کے ساتھ پیار کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے دشمنوں کے ساتھ پیار کرنا چاہئے، انسانیت کے لئے ہمارا نمونہ آپ کو پسند آئے گا، مجھے خوشی ہے کہ میں آج ساتھ شامل ہوں۔