کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت ہماری آڑ میں وزیراعظم کو نشانہ بنا رہی ہے اور ایسا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ پیپلزپارٹی وفاقی حکومت کو سپورٹ نہ کرے، ہم پنجاب حکومت کی اس سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند دنوں سے پنجاب حکومت کی جانب سے پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کے خلاف ون سائیڈڈ مہم چلائی جا رہی ہے، موجودہ وقت میں سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے پورے پاکستان کو آنا چاہیے، پیپلزپارٹی نے سیلاب متاثرین کیلئے اپنی کوششیں تیز کیں، چیئرمین بلاول بھٹو نے بذات خود سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے کئے۔
انہوں نے کہا کہ گورنر پنجاب نے پنجاب کے ہر ضلع میں جاکر امدادی کاموں میں حصہ لیا، چیئرمین بلاول بھٹو نے سیلاب متاثرین کیلئے وزیراعظم اور وفاق سے اپیل کی، بلاول بھٹو نے کہا سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے انٹرنیشنل اداروں سے مدد لی جائے، جن ممالک کی وجہ سے یہ موسمیاتی تبدیلی ہو رہی ہے ان تک آواز پہنچنی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ بی آئی ایس پی کے ذریعے وزیراعظم نے اس سال رمضان پیکج بھی دیا، رمضان پیکج دینے کیلئے بی آئی ایس پی کا ڈیٹا ہی استعمال کیا گیا، سندھ میں سیلاب آیاتو حکومت سندھ نے 21 لاکھ گھر بنانے کی بات کی، سندھ کے ہر ضلع میں گھر بنتے نظر آ رہے ہیں۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ کہا گیا کہ کوئی خوددار شخص کیسے انٹرنیشنل کمیونٹی سے اپیل کر سکتا ہے، ہماری تمام اپیلیں وفاقی حکومت سے تھیں، حکومت پنجاب کی جانب سے مسلسل تنقید کرنا ہماری سمجھ سے باہر ہے۔
پنجاب حکومت وفاق کے خلاف سازش کر رہی ہے
شرجیل میمن نے کہا کہ پنجاب حکومت کا اصل ٹارگٹ وفاقی حکومت ہے، پنجاب حکومت وفاق کے خلاف سازش کر رہی ہے، ہم پنجاب حکومت کی اس سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ان کا وزیراعظم سے حسد کا مسئلہ کافی عرصے سے چل رہا ہے، وزیراعظم جب بھی سندھ آتے ہیں تو وزیراعلیٰ سندھ ان کو پروٹوکول دیتے ہیں، وزیراعظم کو اپنے ہی پنجاب میں پروٹوکول نہیں ملتا اور وہاں کی ایڈمنسٹریشن اس طرح ان کو ریسیو نہیں کرتی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ پیپلزپارٹی وفاقی حکومت کو سپورٹ نہ کرے، ہمیں معلوم ہے سیلاب متاثرین کی دوبارہ آبادکاری میں وقت لگتا ہے، پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کی اس طرح مدد نہیں کر پا رہی۔
انہوں نے کہا کہ اگر آپ کی وزیراعظم سے کوئی لڑائی ہے تو اس میں پیپلزپارٹی کو شامل نہ کریں، ہماری آڑ میں وزیراعظم کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ایک شخص نے سندھ کے خلاف متنازعہ ریمارکس دیئے، پنجاب حکومت کی اعلیٰ شخصیات کی جانب سے اس شخص کی حمایت کی گئی، قصور ان کا نہیں، سکرپٹ رائٹر ان کو غلط راستے پر لے کر جا رہا ہے۔
پیپلزپارٹی پنجاب کے سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے
شرجیل میمن نے کہا کہ پنجاب پاکستان کا بڑا بھائی ہے، پاکستان میں بسنے والے سگے بھائیوں کی طرح رہتے ہیں، تمام پاکستانیوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، پاکستان پیپلزپارٹی کی بنیاد پنجاب میں ڈالی گئی، پیپلزپارٹی پنجاب کے سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کارکردگی پر تنقید اور اختلافات ہوسکتے ہیں، نفرت اور لسانیت نہ پھیلائیں، ہم سیاست نہیں کر رہے، جو مشکل حالات میں سیاست کرے اس پر لعنت بھیجتے ہیں، سیاست وہ لوگ کر رہے ہیں جو بسکٹ کے ڈبے، آٹے کے تھیلے پر اپنی تصویر لگاتے ہیں، جو کام کم اور ٹک ٹاک پر زیادہ نظر آ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج ہی عالمی برادری سے اپیل کی جانی چاہیے کیونکہ کوئی بھی تنہا ایسی آفت سے نہیں نمٹ سکتا، جنوبی پنجاب میں لوگ مدد کیلئے رو رہے ہیں۔
سندھ کے سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف کی گفتگو بھی سن لیں وہ سیالکوٹ سے آپ کے پنجاب کے بارے کیا کہہ رہے ہیں، ہمیں دھمکیاں ملیں کہ آپ کی انگلیاں توڑ دیں گے، پیپلزپارٹی نے بڑے بڑے ڈکٹیٹروں کا کھلے دل سے سامنا کیا، پیپلزپارٹی گیدڑ بھبکیوں سے ڈرنے والی نہیں، یہ گیدڑ بھبکیاں اور ڈر، خوف کی دھمکیاں ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں۔
پیپلزپارٹی کا پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا مطالبہ
شرجیل میمن نے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیوں نہیں کرائے جاتے، ہمیں تو عدالتوں کی ڈیڈ لائنیں آتی تھیں کہ بلدیاتی انتخابات کراؤ، مطالبہ ہے پنجاب میں بھی بلدیاتی انتخابات کرائیں تاکہ عوام کا رجحان بھی نظر آئے۔
ان کا کہنا تھا کہ زیادہ وسائل ہمیشہ پنجاب کے پاس ہی رہے، صحت کی سہولیات جیسی سندھ میں ہیں ویسی کسی اور صوبے میں نہیں، یہ طعنہ نہیں دینا چاہتا کہ کس کا علاج کہاں ہوتا ہے، آپ کے پاس اتنے وسائل ہیں اچھے ہسپتال کیوں نہیں بنائے؟ آپ کے پاس اچھے ہسپتالوں کے نام ہیں؟ ہم صحت کی بہتری سہولیات مفت دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سستی بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ سندھ میں تھرکول پروجیکٹ ہے، ہم سمجھتے ہیں سندھ مضبوط ہوگا تو پاکستان مضبوط ہوگا، آپ کہتے ہیں پہلا آٹزم سینٹر کھولا، ہم 6 آٹزم سینٹر کھول چکے ہیں، 2024کے انتخابات میں آپ کو اور ہمیں عوام سے کیا پذیرائی ملی سب کے سامنے ہے۔
آئی ایم ایف کو شکایت لگانے کا بیان سفاک جھوٹ ہے
صوبائی وزیر نے بتایا کہ آئی ایم ایف کو شکایت لگانے کا بیان سفاک جھوٹ ہے، آئی ایم ایف ہمیشہ وفاق سے رابطہ کرتی ہے کیونکہ پالیسی اس نے بنانی ہوتی ہے، آئی ایم ایف کبھی صوبے سے رابطہ نہیں کرتا، جیسے معاشی حالات ہیں ہمیں آئی ایم ایف، ورلڈبینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کی ضرورت ہے، آپ نے جس جس پوائنٹ پر بات کرنی ہے تمام پلیٹ فورم پر آنے کیلئے تیار ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی کوشوق ہے تو اپنی سیٹ چھوڑ کر دوبارہ انتخابات کرالے، اس بحث میں پڑنے سے بہتر ہے آپ حقیقی طور پر عوام کیلئے کام کریں، آپ کو آپ کی کارکردگی مبارک ہو اس کا عوام نے فیصلہ کرنا ہے، ہماری کارکردگی کا ہمارے صوبے کے عوام فیصلہ کریں گے، ہم لڑنا نہیں چاہتے ،آپ کا فوکس غریب سیلاب متاثرین ہونے چاہئیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ آپ نے کہا میرے پیسے میری مرضی، میرا پانی میری مرضی یہ کوئی بات ہے کرنے والی؟ جس نے آئین پاکستان اور سندھ طاس معاہدہ پڑھا ہے کیا وہ ایسے بیانات دے سکتا ہے؟ اس وقت پنجاب حکومت چاہ رہی ہے ہم اس کی پچ پر کھیلیں، میں بھی کہہ سکتا ہوں میرا کوئلہ میری مرضی، ایسی مثال دینا کفر سمجھتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہاں کی پورٹ، گیس، تھر کا کوئلہ، بجلی ہم سب کی ہے، سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان ہم سب کے ہیں، یہ میرا میرا کر کے کونسی سیاست کرنا چاہتے ہیں، آپ جس بھی طریقے سے اقتدار میں بیٹھے ہیں اس کو چھوڑیں، آپ کا کام لوگوں کی خدمت کرنا ہے۔
وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کی دل سے عزت کرتے ہیں
سندھ کے صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ اپنے سکرپٹ رائٹرز کو شٹ اپ کال دیں جو آپ کو غلط تقاریر لکھ کر دیتے ہیں، جہاں آپ کو پیپلزپارٹی کی مدد چاہیے ہم ایک پیر پر کھڑے ہوں گے، آپ نفرت انگیز چیزوں کو آگے نہ پھیلائیں، پنجاب میں سیلاب میں مس مینجمنٹ ہوئی ہے، پنجاب میں اگر فیصلے وزارت آبپاشی کو کرنے دیئے جاتے تو یہ مسائل نہ ہوتے، آپ نے وزارت آبپاشی کے بجائے پی ڈی ایم اے کو لگا دیا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت سے کچھ فیصلے غلط ہوئے جن کی وجہ سے مسائل پیدا ہوئے، ہمارا وفاقی حکومت کے ساتھ بہت اچھا ورکنگ ریلیشن شپ ہے، ہم وزیراعظم کے ہر اچھے کام کی تعریف کریں گے، وزیراعظم ہم سب کے ہیں، ان کی دل سے عزت کرتے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی بھی دل سے عزت کرتے ہیں۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ آپ کے خاندان کا کوئی فرد کسی غلط راہ پر جا رہا ہوگا تو ہمارا کام اس کو بتانا ہے، وہ معذرت کریں یا نہ کریں ہمارا انا کا مسئلہ نہیں، آپ سیلاب متاثرین کی مدد کریں اور ہمارے مطالبات کو ٹھنڈے دماغ سے سوچیں۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ لڑائی میں پیپلزپارٹی ڈرنے والی نہیں، ہم نہ انگلی ٹوٹنے سے ڈریں گے نہ گردن کٹنے سے، ہم وہ لوگ نہیں جو دستخط کر کے کہہ دیں کہ ہم جا رہے ہیں۔