پاک ایران سرحد ماشکیل میں کٹاگر کراسنگ پوائنٹ کا افتتاح

Published On 09 October,2025 11:25 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان کے عوام کیلئے تجارت، عوامی روابط اور خوشحالی کے نئے دور کے آغاز کیلئے پاک ایران سرحد پر بلوچستان کے علاقے ماشکیل میں کٹاگر کراسنگ پوائنٹ کا افتتاح کر دیا گیا۔

آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) نے کٹاگر کراسنگ پوائنٹ کا باضابطہ افتتاح کیا، افتتاحی تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی میر زاہد علی ریکی سمیت مقامی عمائدین اور تاجر برادری نے بھر پور شرکت کی۔

کٹاگر کراسنگ پوائنٹ کو کھولنے کا فیصلہ دالبندین میں 2 جولائی 2025 کو گرینڈ جرگے میں کیا گیا تھا۔

وزیرِاعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور کور کمانڈر بلوچستان نے مقامی لوگوں کیلئے راہداری کھولنے کا فیصلہ کیا تھا، کٹاگر راہداری بلوچستان کے سرحدی علاقے ماشکیل میں پاکستان اور ایران کے درمیان رابطے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

ایف سی بلوچستان نے ضلعی انتظامیہ اور ایرانی حکام کے ساتھ قریبی رابطے، تعاون اور انتھک محنت سے تمام انتظامی امور مکمل کئے۔

مسلح افواج اور عوام کے بھر پور تعاون سے بلوچستان امن و امان اور پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔