اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے جماعت اسلامی سے استعفیٰ دے دیا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مشتاق احمد خان نے جماعت اسلامی سے استعفیٰ دینے کی تصدیق کی۔
پروگرام کے میزبان اور سینئر صحافی نے مشتاق احمد خان سے پوچھا کہ ان کا سیاسی سٹیٹس کیا ہے جس میں انہوں نے جواب دیا کہ انہوں نے جماعت اسلامی سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ انہوں نے گلوبل صمود فلوٹیلا پر سفر کے دوران 19 ستمبر کو اپنا استعفیٰ بھیجا تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں اب تک اس استعفے پر کوئی جواب نہیں ملا۔
سابق سینیٹر نے استعفے کی وجوہات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ تنظیم کی اپنی حدود ہوتی ہیں اور بعض اوقات آپ آزادانہ کام کرتے ہیں، میں چاہتا ہوں کہ میں کھل کر انسانی حقوق، جمہوریت، آزاد میڈیا، ڈاکٹر عافیہ، فلسطین اور فیڈریٹنگ یونٹس کے دستوری حقوق کی جدوجہد کروں۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ میں علی وزیر اور ماہ رنگ بلوچ اور منظور پشتین سے ملنے جانا چاہتا ہوں، میں چاہتا ہوں کہ عمران خان کا فری ٹرائل کیا جائے، جس رات میں نے استعفیٰ دیا اس رات اسی طرح رویا جس طرح میں اپنی والدہ کی وفات پر رویا تھا۔