راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے ضلع اورکزئی میں دہشت گردی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے تمام 30 خوارجی جہنم واصل کر دیئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 7 اکتوبر کو ضلع اورکزئی میں افسوسناک واقعہ میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف جوابی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا ہے، اس حملے میں لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق اور میجر طیّب راحت سمیت کئی جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے بتایا گیا کہ قابلِ اعتماد انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر ضلع اورکزئی کے علاقے جمال مایہ میں کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد اس دہشت گرد حملے میں ملوث بھارتی حمایت یافتہ تمام 30 خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
یہ بھی بتایا گیا کہ یہ کامیاب کارروائیاں اس بہیمانہ عمل کا بدلہ ہیں اور دہشت گردی میں ملوث مرکزی عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچا دیا گیا ہے، مزید کسی بھارتی حمایت یافتہ خوارجی کے خاتمے کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ سکیورٹی فورسز پاکستان سے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم اور ثابت قدم ہیں۔
یاد رہے کہ اورکزئی میں دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق، میجر طیب راحت، نائب صوبیدار اعظم گل، نائیک عادل حسین، نائیک گل امیر، لانس نائیک شیر خان، لانس نائیک طالب فراز، لانس نائیک ارشاد حسین، سپاہی طفیل خان، سپاہی عاقب علی اور سپاہی محمد نے جواں مردی سے جام شہادت نوش کیا تھا۔