راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس میں وکلاء صفائی کے حتمی دلائل مکمل، سماعت 29 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے خلاف توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت اسپیشل جج سینٹرل اسلام آباد شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں کی۔
دوران سماعت وکیل صفائی سلمان صفدر کے حتمی دلائل مکمل ہوگئے، آئندہ سماعت پر پراسیکیوشن اور وکلا صفائی مزید حتمی دلائل دیں گے۔
مقدمے کی سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو جیل سے کمرہ عدالت پیش کیا گیا، سماعت کے دوران عمران خان کی بہنیں، بہنوئی سہیل خان، نوشیروان برکی بھی عدالت میں موجود تھے ۔
سماعت کے دوران پی ٹی آئی کی سینیٹر مشال یوسفزئی، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، اور جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجہ عدالت موجود تھے۔
سماعت کے دوران ملزمان کی جانب سے سلمان صفدر، قوسین فیصل، ظہیر عباس چویدری اور عثمان گل پیش ہوئے جبکہ پراسیکیوشن کی جانب سے بلال بٹ اور شہروز گیلانی نے پیروی کی۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز ہونے والی سماعت کے دوران دو وکلاء صفائی کے دلائل مکمل ہوئے تھے۔