وزیر خزانہ کی جاپان بینک برائے بین الاقوامی تعاون کے گورنر سے ملاقات

Published On 17 October,2025 12:04 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے دورۂ امریکا کے دوران جاپان بینک برائے بین الاقوامی تعاون کے گورنر نوبومیتسو ہایاشی سے ملاقات کی۔

وزیرِ خزانہ نے نوبومیتسو ہایاشی سے ملاقات کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد اور تحفظ کو انتہائی اہمیت کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا، پاک جاپان تعاون کے دیگر ممکنہ شعبوں کو بھی مل کر تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور حکومت کے پائیدار معاشی استحکام اور اصلاحات کے عزم کو اُجاگر کیا۔

محمد اورنگزیب نے ریکوڈک منصوبے کے لئے قرض دہندگان گروپ میں جے بی آئی سی کی شمولیت کو سراہا۔

حکومتی اعلامیے کے مطابق اس ملاقات سے جاپانی کاروباری حلقوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کے حوالے سے مثبت پیغام ملے گا۔

دوسری جانب دورۂ امریکا کے دوران وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن ڈی سی میں جے پی مورگن انویسٹمنٹ سیمینار سے خطاب کیا۔

وزیرِ خزانہ نے پاکستان کی اقتصادی اور مالیاتی پالیسی سے متعلق تفصیلی گفتگو کی اور شرکاء کو مالیاتی، مانیٹری اور بیرونی شعبوں میں حالیہ پیشرفت سے آگاہ کیا،محمد اورنگزیب نے سٹاف لیول معاہدہ ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسیلٹی کے دوسرے اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسیلٹی کے پہلے جائزے سے متعلق بھی بات کی۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے ملکی معیشت میں مثبت رجحانات کا ذکر کیا اور سرمایہ کاروں کے سوالات کے جوابات دیئے۔

وزیر خزانہ کی ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت، پائیدار ترقی پر زور

علاوہ ازیں وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے ورلڈ اکنامک فورم کے  فیوچر فار گروتھ انشی ایٹو  کے موضوع پر منعقدہ اجلاس میں شرکت کی، اجلاس میں  اختراعات کے ذریعے جامع اور پائیدار ترقی کا فروغ  پر بحث کی گئی۔

اپنے خطاب میں وزیر خزانہ نے ٹیکنالوجی کی ترقی کو شمولیت اور استحکام پر مبنی حکمت عملیوں کے ساتھ مربوط کرنے کی اہمیت پر زور دیا، انہوں نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں جاری اصلاحات کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ مصنوعی ذہانت پر مبنی نگرانی کے نظام کے ذریعے ایف بی آر کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے استعمال سے ترقی پذیر ممالک میں خاص طور پر چھوٹے کسانوں کی آمدنی میں اضافہ ہوا ہے اور مختلف شعبوں میں خدمات کی فراہمی کے معیار میں بہتری ممکن ہوئی ہے۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کا معاشی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ

وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب کی بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر کے خصوصی نمائندے لطفی وائی صدیقی سے اہم ملاقات ہوئی، ملاقات میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان علاقائی معاشی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

وزیر خزانہ نے اگست 2025 میں پاکستان کے نائب وزیراعظم کے ڈھاکا کے دورے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول کیلئے نجی شعبے کی قیادت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری شعبہ کی ذمہ داری سرمایہ کاری اور جدت کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔

ملاقات میں دونوں فریقین نے آئی ٹی کے شعبے کو گیم چینجر قرار دیتے ہوئے اس میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، محمد اورنگزیب نے کہا کہ آئی ٹی کا شعبہ تعلیم یافتہ نوجوانوں کیلئے معیاری روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ نے دونوں ممالک کے درمیان تبادلہ علم اور باہمی استعداد کاری کی ضرورت پر بھی زور دیا، تاکہ ترقی کے سفر کو مل کر آگے بڑھایا جا سکے۔