بھارت سے مضرِ صحت ہوائیں پاکستان میں داخل، لاہور کی فضا آلودہ ترین قرار

Published On 20 October,2025 10:51 am

لاہور: (دنیا نیوز) نئی دہلی کی طرف سے 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آلودہ ہوائیں پاکستان میں داخل ہونا شروع ہو گئیں، ان مضرِ صحت ہواؤں سے لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہر وں میں پہلے نمبرپر آگیا۔

حکام کے مطابق چندی گڑھ، گورداسپور، لدھیانہ، پٹیالہ سے ہوائیں گوجرانوالہ، ملتان اور بہاولپور کی طرف آ رہی ہیں، صورت گڑھ، بیکانیر، جودھ پور اور جے پور جیسے بھارتی شہروں سے بھی ہواؤں کا رخ پاکستانی علاقوں کی طرف ہے ۔

دیوالی تہوار کے سبب آج بھارت سے آنے والی آلودہ ہواؤں سے لاہور اور پنجاب کے دیگر شہروں کا فضائی معیار متاثر رہے گا، دیوالی کے موقع پر بھارت میں آتش بازی کی جاتی ہے، آتش بازی سے بھارت کے کئی شہروں میں شدید فضائی آلودگی پیدا ہوتی ہے۔

پنجاب حکومت نے دیوالی تہوار کے دوران فضائی آلودگی میں کمی کے لئے پیشگی خصوصی اقدامات کئے ہیں، گزشتہ رات سے ہی پنجاب حکومت نے پانی کے چھڑکاؤ کا آغاز کر دیا ہے، زیادہ آلودگی کی زد میں آئے علاقوں میں اینٹی سموگ گنز استعمال کی جا رہی ہیں۔

‎دوپہر 1 سے 5 بجے کے درمیان ہوا میں معمولی بہتری متوقع ہے ، ‎دوپہر میں آسمان صاف لیکن ہلکی دھند رہے گی۔

اس وقت لاہور شہر کے علاقوں اقبال ٹاؤن، ملتان روڈ، راوی روڈ، نشتر کالونی، اپر مال سکیم، شاہدرہ فلائی اوور، ٹھوکر نیاز بیگ سمیت مختلف مقامات پر سموگ گنز متحرک ہیں تاکہ فضا میں موجود مضر ذرات کو کم کیا جا سکے اور شہریوں کو بہتر ہوا فراہم کی جا سکے۔

انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی کے مطابق لاہور کا ائیرکوالٹی انڈیکس صبح 332 پر پہنچ گیا اور فیصل آباد میں ائیرکوالٹی انڈیکس 325 ہے، اس کے علاوہ شیخوپورہ 311، ڈی جی خان 239، گوجرانوالہ 233 اور ملتان کا اے کیو آئی 224 ہے۔