پرندہ مارکیٹ میں ایل ڈی اے آپریشن کیخلاف درخواست پراہم پیشرفت

Published On 11 November,2025 03:16 pm

لاہور:(محمداشفاق) لاہور ہائیکورٹ میں داتا دربار کے سامنے پرندہ مارکیٹ میں ایل ڈی اے آپریشن اور پرندوں کی مبینہ ہلاکت کے خلاف درخواست پر درخواست گزار کی وکیل کو عدالت کی مزید معاونت کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔

لاہورہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور چوہدری نے ایڈووکیٹ عزت فاطمہ کے توسط سے دائر درخواست کی سماعت کی۔ درخواست میں پنجاب حکومت، ایل ڈی اے اور محکمہ وائلد لائف کو فریق بنایا گیا ہے۔

وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ایل ڈی اے نے 7 نومبر کو پرندوں اور پالتو جانوروں کی مارکیٹ میں بغیر اطلاع آپریشن کیا، آپریشن کے دوران سینکڑوں پرندے، بلیاں، کتے اور خرگوش ملبے تلے دب کر ہلاک ہو گئے،ایل ڈی اے آپریشن سے پہلے کسی جانور کو نکالنے یا محفوظ کرنے کا انتظام نہیں کیا گیا۔

وکیل نے نکتہ اٹھایا کہ ایل ڈی اے کا آپریشن اور کارروائی آئین کے آرٹیکل 4، 9 اور 14 کی خلاف ورزی ہے، زندگی اور وقار کا حق جانوروں پر بھی لاگو ہوتا ہے، لہٰذا پرندہ مارکیٹ میں ایل ڈی اے آپریشن کو غیر قانونی اور غیر آئینی قرار دیا جائے۔

وکیل نے استدعا کی کہ جانوروں کے تحفظ کے لیے واضح اصول اور رولز بنانے کا حکم دیا جائے، آپریشن کرنے والے غیر ذمہ دار افسران کے خلاف انکوائری کی جائے۔

عدالت نے داتا دربار کے سامنے پرندہ مارکیٹ میں ایل ڈی اے آپریشن اور پرندوں کی مبینہ ہلاکت کے خلاف درخواست پردرخواست گزار کی وکیل کو عدالت کی مزید معاونت کرنے کی ہدایت کردی۔