وزیراعظم سے اردن کے بادشاہ کی ملاقات، کئی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

Published On 15 November,2025 10:07 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم شہبازشریف اور اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم کے درمیان ملاقات ہوئی ہے جس دوران معاشی، تجارتی، سرمایہ کاری، صحت، تعلیم اور دفاعی تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات مزید گہرے کرنے پر اتفاق جب کہ پاکستان اور اردن نے سٹریٹجک و اقتصادی تعاون بڑھانے کے عزم کا بھی اظہار کیا ۔

ملاقات میں فریقین نے خطے اور عالمی فورمز پر مشترکہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ، شاہ عبداللہ دوم نے غزہ کے معاملے پراردن کی حمایت پر پاکستان کو سراہا ، ملاقات میں علاقائی سکیورٹی اور امن اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دورانِ گفتگو فلسطین کے معاملے پر پاکستان اور اردن نے یکساں مؤقف کا اعادہ کیا جبکہ دونوں ممالک نے غزہ سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کی سخت مخالفت کی جبکہ آٹھ عرب اسلامی ممالک کے ساتھ قریبی کوآرڈینیشن بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم اسلام آباد پہنچ گئے، وزیراعظم ہاؤس میں سلامی پیش

دوسری جانب ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وفاقی وزرا نے شرکت کی ، وزیراعظم نے شاہ عبداللہ کو افغانستان اور بھارت سے متعلق صورتحال سے بھی آگاہ کیا، شاہ عبداللہ کی جانب سے علاقائی امن کیلئے پاکستان کے کردار کی تعریف کی گئی۔

اس موقع پر پاکستان اور اردن کے درمیان میڈیا، ثقافت اور تعلیم کے شعبوں میں ایم او یو پر دستخط کئے گئے اور وزیراعظم نے شاہ عبداللہ دوم کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔

واضح رہے اردن کے بادشاہ کا پاکستان کا آخری دورہ سابق صدر ممنون حسین کی دعوت پر ہوا تھا، اُس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دو مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے تھے۔