کوئٹہ: (دنیا نیوز) گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ وژنری قیادت کا متحرک کردار کسی بھی اعلیٰ تعلیمی ادارے کی اجتماعی صلاحیت کو بڑھاتا ہے۔
گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ صوبے کی تمام پبلک یونیورسٹیز کی تاریخ میں ایک اور سنگ میل عبور کیا گیا ہے، سرکاری یونیورسٹیز کیلئے 6 ماہ کی مدت کے اندر سینیٹ کے اجلاسوں کو لازمی قرار دے دیا تھا، رواں سال تمام سرکاری یونیورسٹیز میں سینیٹ اور سنڈیکیٹ اجلاسوں کے انعقاد کو عملی طور پر ممکن بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ بلو چستان کی تمام یونیورسٹیز کی رینکنگ دوگنی ہو چکی ہے، میرے آنے سے پہلے بعض یونیورسٹیز نے دو سے تین سال تک اجلاس منعقد نہیں کروائے تھے، ہمیں فخر ہے کہ ہم ایک سال کے اندر بلوچستان کی تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کے اجلاس منعقد کرنے میں کامیاب ہوئے۔



