راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی کرپشن کیس میں پولیس حراست سے فرار ہونے والے سابق اے ڈی سی آر سیالکوٹ اقبال سنگھیڑا کو پولیس نے دوبارہ گرفتار کر لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق راولپنڈی پولیس کی خصوصی ٹیم نے اقبال سنگھیڑا کو گرفتار کر لیا، گرفتاری کے بعد ملزم کو کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا جا رہا ہے۔
ملزم کی گرفتاری کیلئے تین مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں، تینوں ٹیموں کی سربراہی و سپرویژن ایس پی صدر ڈویژن انعم شیر خان کو سونپی گئی، ملزم اقبال سنگھیڑا 13 نومبر کو راولپنڈی سے لاہور منتقلی کے دوران پولیس حراست سے فرار ہوگیا تھا۔
دوسری جانب غفلت کا مظاہرہ کرنے والے چاروں پولیس اہلکاروں کو نوکری سے برخاست کر دیا گیا جبکہ چکری ریسٹ ایریا کے علاقے کی جیو فینسنگ کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا، گرفتار چاروں پولیس اہلکاروں کو عدالت نے گزشتہ روز جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا تھا۔
غفلت کا مظاہرہ کرنے والے چاروں پولیس اہلکاروں کا موبائل ڈیٹا بھی پولیس نے حاصل کر لیا، موبائل ڈیٹا کے ذریعے پولیس اہلکاروں کی ملزمان سے رابطہ کی تصدیق کی جائے گی۔
ملزم کے فرار میں استعمال گاڑی کا ڈیٹا حاصل کرنے کیلئے مختلف اضلاع کے ایکسائز دفتر کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا، گاڑی کا نمبر مکمل نہ ہونے پر گاڑی کی رجسٹریشن تفصیلات حاصل کرنے میں پولیس کو مشکلات کا سامنے ہے۔
این ایچ اے سے تفصیلات کے لئے مراسلہ ارسال کیا گیا ہے جس میں پوچھا گیا کہ ملزم کے فرار میں استعمال گاڑی موٹروے کے کس ٹول پلازہ سے باہر گئی۔
واضح رہے کہ ملزم اقبال سنگھیڑا 13نومبر کو چکری ریسٹ ایریا میں پولیس حراست سے فرار ہوا تھا، ملزم اینٹی کرپشن عدالت راولپنڈی میں پیشی کے بعد لاہور جیل منتقلی کے دوران فرار ہوا، ملزم کے فرار پر اس کے بھائی سمیت 6 نامعلوم ملزمان اور 4 پولیس اہلکاروں پر مقدمہ درج ہے۔



