باکو: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ آذربائیجان حکومت کی دعوت پر ڈی ایٹ میڈیا فورم میں شرکت کیلئے باکو پہنچ گئے۔
حیدر علیوف انٹرنیشنل ایئر پورٹ باکو پر آذربائیجان کی میڈیا ڈویلپمنٹ ایجنسی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر احمد اسماعیلوف نے وفاقی وزیر اطلاعات کا استقبال کیا، ڈی ایٹ فورم کا موضوع ”مباحثے، تعاون اور علاقائی ہم آہنگی کو فروغ دینا“ ہے، ڈی ایٹ میڈیا فورم میں پاکستان سمیت آذربائیجان، بنگلہ دیش، مصر، انڈونیشیا، ایران، ملائیشیا، نائجیریا اور ترکی کے میڈیا ماہرین، پالیسی ساز اور ابلاغیات کے ماہرین شرکت کر رہے ہیں۔
فورم میں ڈی ایٹ ممالک کے مابین ہم آہنگی پیدا کرنے، تجربات کے تبادلے اور باہمی تعاون کے نئے مواقع فراہم کیے جائیں گے، وفاقی وزیر اطلاعات فورم میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں، عطاء اللہ تارڑ میڈیا تعاون، حقائق پر مبنی رپورٹنگ، ڈیجیٹل میڈیا کے شعبے میں مشترکہ لائحہ عمل سے متعلق پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔
دورے کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات کی ڈی ایٹ کے سیکریٹری جنرل، رکن ممالک کے وزرائے اطلاعات، میڈیا سربراہان اور مختلف عالمی ماہرین سے ملاقاتیں بھی ہوں گی، عطاء اللہ تارڑ اور آذربائیجان پریزیڈنشل ایڈمنسٹریشن میں خارجہ امور کے سربراہ حکمت حاجیوف کے درمیان ملاقات بھی ہوگی۔
وفاقی وزیر اطلاعات آذربائیجان کے سرکاری ٹی وی کا دورہ بھی کریں گے، دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو آگے بڑھانے سمیت میڈیا تعاون کے حوالے سے تعلقات کو نئے دور میں داخل کرنے پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔



