حکومت کے اتحادی ہیں، اپوزیشن بینچوں پر بیٹھنے کا کوئی ارادہ نہیں: فیصل کریم

Published On 27 November,2025 12:39 am

پشاور: (دنیا نیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ہم حکومت کے اتحادی ہیں، اپوزیشن بینچوں پر بیٹھنے کا ابھی کوئی ارادہ نہیں ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ آج صوبے کے نمایاں کھلاڑیوں اور کوچز کو ایوارڈز دیے ہیں، ہم نے اپنے نوجوان کھلاڑیوں کیلئے ایپ بنائی ہے، کھلاڑیوں کو سپورٹ کرنے کیلئے سپانسرز ارینج کریں گے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبے میں کھیلوں کے میدان کے قیام کے حوالے سے وزیراعلیٰ سے بات کروں گا، پچھلے 11 سالوں میں تین، چار گراؤنڈز بننے چاہیے تھے۔

فیصل کریم کنڈی کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں کچھ نشستوں پر پی پی پی کے تحفظات ہیں، ستائسویں کے بعد اٹھائسویں ترمیم بھی آئے گی لیکن سیاست اور سیاستدان ختم نہیں ہوں گے، پارلیمنٹ ہی سپریم ادارہ ہے۔