اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلامی جمہوریہ پاکستان کی خاتون اول آصفہ بھٹوزرداری کا خواتین پر تشدد کے خاتمے کے بین الاقوامی دن پر بیان سامنے آگیا۔
آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ جہاں عورتیں خوف یا خاموشی کی زندگی گزاریں، وہ معاشرے ترقی نہیں کرسکتے، ریاست پاکستان تمام خواتین اور بچیوں کی عزت، حقوق اور حفاظت کے لئے پرعزم ہے۔
خاتون اول کا کہنا تھا کہ سزا سے بچ جانے کی ثقافت کو ختم کرنا انصاف کے لئے ضروری ہے، ہمیں تعصب کے مقابلے میں احترام، خاموشی کے مقابلے میں ہمت اور غفلت کے مقابلے میں جوابدہی کو چننا ہوگا۔
آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ خواتین کی آواز اہم ہے، ان کا تحفظ اور خواب اہم ہیں، آئندہ نسلوں کے لئے ایک زیادہ محفوظ اور زیادہ برابر معاشرے کا قیام ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی عورتوں کے لئے زیادہ سے زیادہ محفوظ ماحول سے مشروط ہے، پاکستان کے شہری، ادارے اور کمیونٹیز خواتین پر تشدد کے خاتمے کے لئے متحد ہوں۔



