اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے 22 خوارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر فورسز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بہادر سپوتوں نے ایک بار پھر فتنہ الخوارج کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں خوارجیوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کو سراہتے ہوئے انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ خوارجیوں کو ملک کے کسی بھی حصے میں چھپنے نہیں دیا جائے گا اور خیبرپختونخوا میں قیامِ امن کے لیے سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں، انہوں نے واضح کیا کہ امن دشمن عناصر کے مکمل خاتمے تک یہ آپریشنز جاری رہیں گے۔
وفاقی وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ قوم کی بھرپور حمایت سے پاکستان سے دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا، انہوں نے سکیورٹی فورسز کے عزم، قربانیوں اور عرق ریزی کو قوم کے لیے قابلِ فخر قرار دیا۔



