راولپنڈی: (دنیا نیوز) سربراہ تحریک تحفظ آئین محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو ہماری تجویز ہے کہ اگر بانی کی بہنوں سے ملاقات کروانی ہے تو عوامی طاقت سے پارلیمنٹ اور سینیٹ کی کارروائی روک دیں۔
سربراہ تحریک تحفظ آئین محمود خان اچکزئی نے پی ٹی آئی کے دھرنے کے مقام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ یہ دھرنا پلان نہیں تھا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو خوش فہمی تھی وہ فیڈریشن کا یونٹ ہے، وزیر اعلیٰ کو یہ گماں تھا ان کو سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ نے لکھ کے دیا ہے تو انہیں اپنے لیڈر سے ملنے دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے دیکھا کہ یہاں کوئی شرافت کی زبان نہیں سمجھتا، وزیر اعلیٰ نے جمہوری پشتون کی حیثیت سے یہاں دھرنا دیا، وزیراعلیٰ کا دھرنا شاید عدالتی آرڈر تک جاری رہے، ہمارا واسطہ 5 ہزار 3 سو ارب کے چور حکمرانوں سے پڑا ہے، یہ غاصب اور مینڈیٹ چور حکمران ہیں۔
محمود خان اچکزئی کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے لیے شرم کا مقام ہے، بانی پی ٹی آئی جیل میں بیٹھے اور ہم اسمبلی کی کارروائی چلنے دیں، وزیراعلیٰ اور ہمارے دوست یہاں بیٹھے رہیں گے، فجر کی نماز کے بعد صبح وہ اسلام آباد ہائی کورٹ آئیں گے، عدالت میں ہم بھی ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔



