فافن نے 23 نومبر کے ضمنی انتخابات سے متعلق رپورٹ جاری کردی

Published On 28 November,2025 06:27 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فافن (فیئر اینڈ فری الیکشن نیٹ ورک) نے 23 نومبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات سے متعلق اپنی رپورٹ جاری کردی، جس میں مجموعی طور پر انتخابی انتظامات کو بہتر قرار دیا گیا ہے تاہم انتخابی مہم کی خلاف ورزیوں اور نتائج میں شفافیت کے خلا کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ضمنی انتخابات میں ووٹرز ٹرن آؤٹ انتہائی کم رہا جبکہ زیادہ تر حلقوں میں ٹرن آؤٹ 50 فیصد سے بھی کم ریکارڈ کیا گیا، فافن نے 122 مبصرین کو تعینات کیا جنہوں نے 373 پولنگ اسٹیشنز کا مشاہدہ کیا۔

فافن کی رپورٹ میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی مختلف خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ متعدد سیاسی جماعتوں کے کیمپس پولنگ اسٹیشنز کے بالکل قریب قائم کیے گئے، جبکہ 49 فیصد پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز کی آمد و رفت میں سیاسی جماعتوں کی جانب سے سہولت کاری دیکھی گئی۔

رپورٹ کے مطابق 16 پولنگ اسٹیشنز کے اندر انتخابی مواد کی موجودگی بھی دیکھی گئی۔ خواتین، بزرگ اور معذور ووٹرز کے لیے انتظامات غیر یکساں رہے، تاہم 93 فیصد پولنگ بوتھس پر ووٹنگ پرامن اور منظم رہی۔

فافن نے بعض بے ضابطگیوں کی بھی نشاندہی کی، جن میں ووٹرز کو ایکسپائرڈ شناختی کارڈ پر واپس بھیجنے کے واقعات شامل ہیں۔ 29 فیصد بوتھ پر معاون افسران نے بیلٹ پیپر پہلے سے سائن کیے جبکہ 28 فیصد بوتھ پر بیلٹ پیپر پر پہلے سے اسٹیمپ لگانے کے معاملات رپورٹ ہوئے۔

مزید برآں، 6 پولنگ اسٹیشنز پر فارم 45 پولنگ ایجنٹس کو فراہم نہیں کیا گیا جبکہ 43 فیصد پولنگ اسٹیشنز پر نتیجہ فارم پر ایجنٹس سے دستخط نہیں لیے گئے۔ 13 پولنگ اسٹیشنز پر مبصرین کو بھی فارم 45 فراہم نہیں کیا گیا۔