خیبرپختونخوا: غیر قانونی افغان باشندوں کی وطن واپسی میں سست روی، محکمہ داخلہ برہم

Published On 04 December,2025 10:16 am

پشاور: (ذیشان کاکاخیل) خیبرپختونخوا میں غیر قانونی افغان باشندوں کی وطن واپسی کے سست روی کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کارروائیاں تیز کرنے کی سخت ہدایات جاری کر دیں۔

محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ صوبے میں موجود غیر قانونی افغان شہریوں کے خلاف مؤثر آپریشن نہ ہونے پر شدید برہمی ہے اس لیے پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ کرائے کے گھروں میں مقیم افغان باشندوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔

محکمہ داخلہ کے مطابق افغان مہاجرین کے لیے قائم کیمپ صوبائی حکومت کے لیے مالی بوجھ بن چکے ہیں اس لیے انہیں ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ حکومت مزید اخراجات برداشت نہیں کر سکتی۔

محکمہ داخلہ نے مزید کہا ہے کہ غیر قانونی افغان شہریوں کا مکمل ڈیٹا ضلعی پولیس افسران کو فراہم کر دیا جائے اور جہاں ڈیٹا مرتب ہو چکا ہے اسے متعلقہ محکموں کے حوالے کر کے کارروائیاں شروع کی جائیں۔

واضح رہے کہ صوبے بھر میں غیر قانونی افغان باشندوں کے انخلا کا عمل انتہائی سست روی کا شکار ہے جس پر محکمہ داخلہ نے تمام اداروں کو فوری اقدامات کی ہدایت جاری کی ہے۔